عارف والا، 13اگست (اے پی پی ): عارف والا میں بھی جشن آزادی کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی منانے کی تیاریاں عروج کو پہنچ چکی ہیں ، جیسے جیسے جشن آزادی کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کا دن قریب آرہا ہے، شہریوں کا جوش و جذبہ بھی بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے ، شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے بازاروں میں لگے سٹالز کی طرف رخ کر رہی ہے، دکانداروں کی جانب سے بھی مختلف مقامات پر سٹالز لگا دیئے گئے ہیں۔
بچے اور بڑے سبھی خریداری کرنے میں مصروف ہیں ، بچے بڑے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں، کہیں اپنے لیے سبز ہلالی پرچم کے رنگ میں ملبوسات اور کہیں بچیاں اپنے لیے سبز سفید چوڑیاں اور بیج اسٹیکرز جھنڈیوں کے ساتھ ساتھ قومی پرچم خرید رہے ہیں۔
خریدار بچوں اور انکے والدین کا کہنا ہے کہ ہم گلی محلوں اور بازاروں کو سجا کر 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کو منانے کیلئے پر عزم ، جشن آزادی کو جوش و جذبے کے ساتھ مناکر وطن سے محبت کا اظہار کریں گے ۔











