اوکاڑہ؛دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ایمر جنسی کی صورت میں تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں،ترجمان ضلعی انتظامیہ

14

اوکاڑہ،16اگست (اے پی پی): ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں آج بروز منگل جسڑ کے مقام پر 51 ہزار کیوسک کا نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ راوی سائفن پر 19 ہزار 70 کیوسک اور شاہدرہ کے مقام پر 19 ہزار 496 کیوسک پانی کا بہاؤ ہے دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر 35 ہزار کیوسک اپ سٹریم پانی کا بہاؤ ہے جبکہ ڈاؤن سڑیم پانی کا بہاؤ 9 ہزار کیوسک ہے ۔ ترجمان  کے مطابق دریائے ستلج میں پانی معمول سے بھی کم سطح پر بہہ رہا ہے دریائے ستلج میں اپ سٹریم 13 ہزار کیوسک جبکہ ڈاؤن سٹریم 3 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ہے دریائے ستلج اوردریائے راوی میں کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ پولیس، ریسکیو 1122،محکمہ ہیلتھ، محکمہ لائیو سٹاک سمیت تمام محکموں نے اقدامات مکمل کرلئے ہیں، محکمہ انہار کی جانب سے دریاؤں کے بندھوں،پشتوں اور پلوں کی حفاظت کے لئے نگرانی کا عمل جاری ہے۔دریائے راوی پر موضع گوگیرہ اور موضع جندراکہ میں بیس کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ محکمہ ریسکیو 1122نے دریائے راوی میں کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لئے 40 ریسکیورز پر مشتمل ٹیم کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ احتیاطی طور پر 4 کشتیاں بھی ٹھٹھہ بھٹیاں سمیت منتخب پوائنٹس پر پہنچادی گئی ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ دریائے راوی معمو ل کے مطابق بہہ رہا ہے کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں لوگوں کو نکالنے،لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لئے تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔