گلگت ،18 اگست (اے پی پی ): نو منتخب گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، چیف جج سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان وزیر شکیل نے ان سے حلف لیا۔
اس ضمن میں جمعرات کے روز گورنر گلگت بلتستان میں تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد گلگت بلتستان کے اس وقت کے گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھاجس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے بحیثیت گورنر گلگت بلتستان حلف اٹھایا۔سید مہدی شاہ گلگت بلتستان کے چھٹے گورنر ہیں۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ،ممبران گلگت بلتستان اسمبلی ،کونسل،اعلی عدلیہ کے ججز،اعلی سول و عسکری قیادت کے علاؤہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔











