لاہور ، 4 ستمبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیر انڈسٹری و ہاوسنگ پنجاب میاں اسلم اقبال اور ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی نے اتوار کو یہاں جوہر ٹاون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوہر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ڈی سی کاونٹر و اشیاء ضروریہ کی قیمتوں سمیت یورو سٹور پر ڈی سی کاونٹر کو چیک کیا۔انہوں نے ڈی سی کاونٹر کو نمایاں جگہ پر لگانے کی ہدایت کی اور اشیا کے معیار کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ چینی، دال چنا، بیسن اور دیگر اشیاء کے وزن کو بھی چیک کیا، پورا وزن ہونے پر سٹور انتظامیہ کو سراہا۔
صوبائی وزیر انڈسٹری و ہاوسنگ پنجاب میاں اسلم اقبال نے جوہر ٹاون میں سبزی فروش کے سٹال کو چیک کیا، ہر سبزی پر علیحدہ علیحدہ اس کے ریٹ لگانے کی ہدایت کی اور سبزیوں کی کوالٹی اور ریٹ کو بھی چیک کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کر دیا ہے،عوام الناس کو مصنوعی مہنگائی سے بچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں کو کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں خود اور ساری انتظامیہ اس طرح کر سرپرائز دورے کرتی رہے گی۔











