اوکاڑہ،04ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ انسانی صحت سے جڑے معاملات انتہائی اہمیت طلب ہیں، لوگوں کی صحت کی حفاظت کے لئے شروع کئے جانے والے حفاظتی ویکسین پروگرام کی کامیابی کے لئے ہر متعلقہ ادارے اور ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہے، بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسیئن لگانے کے لئے مائیکرو پلاننگ انتہائی ذمہ داری،فرض شناسی اور ماہرانہ انداز سے کی جائے اور ہر مرحلہ پر بچوں کے والدین کو اس سے آگاہ رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع اوکاڑہ میں 19 ستمبر سے پانچ سال سے 12 سال کے بچوں کو لگائی جانے والی انسداد کرونا ویکسین کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ سال سے 12 سال تک کی عمر کے بچوں کو کرونا سے بچانے کے لئے یہ عملی قدم اٹھا یا جارہا ہے، پانچ سال سے 12 سال تک کی عمر کے 6 لاکھ 53 ہزار469 بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی جس میں 692 موبائل ٹیمیں جبکہ 112 فکسڈ ٹیمیں حصہ لیں گی اس مہم میں دیگر تکنیکی ماہرین کے ساتھ ساتھ ضلع کے 115 ڈاکٹرز بھی اس مہم کا حصہ ہونگے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ کرونا سے بچاؤکی ویکسین لگانے کا مائیکرو پلان انتہائی ذمہ داری سے مرتب کیا جائے، بچوں کی صحت سے جڑے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سجاد گیلانی،یونیسیف کے نمائندہ ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ،یونیسیف کے فوکل پرسن احمد سروش،سی ای او ایجوکیشن سمیت پرائیو یٹ سکولز ایسو سی ایشن کے صدر اور متعلقہ محکموں کے ضلعی سر براہان نے شرکت کی۔











