اس قدرتی آفت سے لاکھوں لو گ متاثر ہوئے ہیں جو حکومت اور مخیر حضرات کی طرف مدد کے لیے دیکھ رہے ہیں ،شرجیل انعام میمن

35

حیدرآباد ،7 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ اور فوکل پرسن رین ایمرجنسی حیدرآباد شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت پورا ملک ایک ایمرجنسی کی صورتحال سے گزر رہا ہے بالخصوص صوبائے سندھ میں اتنی بڑی آفت سے بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں جس میں سندھ میں اب تک 601 اموات میں سب سے زیادہ اموات لاڑکانہ ڈویژن میں ہوئی ہیں جہاں 195 افراد بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 137 ، سکھر ڈویژن میں 95 ،شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں 94 ، کراچی ڈویژن میں 62 اور میرپورخاص ڈویژن میں 18 اموات ہوئی ہیں۔

شہباز ہال حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے  صوبائی وزیر نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے لاکھوں لو گ متاثر ہوئے ہیں جو حکومت اور مخیر حضرات کی طرف مدد کے لیے دیکھ رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے اعداد وشمار بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندھ میں 11558افرادزخمی اور 47072 مویشی ہلاک ہوئے ہیںجبکہ1195123 مکانات جزوی اور582618مکانا ت مکمل طور پرتباہ ہوئے ہیں اور مجموعی طور پر  1687659 مکانات ، 241 تعلقے اور 1104 یونین کونسلز متاثر ہوئی ہیں جبکہ 44,28,421ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زراعت مکمل تباہ ہو چکی ہے اور زمینوں میں اتنا پانی جمع ہے شاید ربیع کی فصل بھی نہ کاشت ہو سکے ۔اس وقت کپاس کی فصل مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے اور سبزیاں بھی ختم ہو چکی ہیں جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے بتایا کہ کوٹری بیراج میں اس وقت اونچے درجے کا سیلاب ہے اور وہاں سے 640127 کیوسک پانی کی آمد ہے جبکہ منچھر جھیل پر پانی کی سطح 123.5 آر ایل تھی جو اب 122.3 آر ایل پرہے۔ انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل میں کچھ بہتری آئی ہے مگر پیچھے سے مسلسل پانی بہاؤ جاری ہے جس میں ابھی تک کمی نہیں ہوئی ہے جبکہ ایک اور نئے بارش کے اسپیل کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ، سانگھڑ، نوشہروفیروز، مٹیاری اور سعید آباد میں پانی ہے جبکہ 4 روز کے بعد سعید آباد سے کچھ پانی کا اخراج ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حیدرآباد تعلقہ دیہی کی 30 یونین کونسل زیر آب ہیں ۔ مگربروقت اقدامات کے باعث پانی کی نکاسی کی گئی ہے اور ان گاؤں کے لوگوں کی واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی جمع ہونے کے باعث ڈینگی بہت تیزی سے پھیل رہا ہے ۔انہوں نے کہا تمام یونین کونسلزمیں مچھر مار اسپرے کروایا جارہا ہے ۔اس ضمن میں شہری علاقے حیدرآباد اور کراچی کے لوگ احتیاط کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے جو امید تھی وہ امداد نہیں مل سکی۔ وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پچیس پچیس ہزار روپے فی خاندان کو دیے ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم جنگی حالات میں ہیں اور کوئی شخص اتنا بے حس ہو سکتا ہے کہ وہ ان حالات میں بھی جلسے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس وقت پوری قوم قدرتی آفات اور چیلنجز سے نمٹ رہی ہے اس وقت بھی ایک شخص قوم اور اداروں سے لڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ شخص جو بھارت اور اسرائیل چاہتا ہے وہ ہی کر رہا ہے اور اس نے توشہ خانہ سے قیمتی گھڑی اور ہار خرید کر فروخت کیا عمران خان کو وہ لوگ اچھے لگتے ہیںجو فرح گوگی کی کرپشن پر خاموش رہیں ۔ یہ ناکام سیاستدان تو ہے ہی مگر اچھا انسان بھی نہیں انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز یوم دفاع منایا جارہاتھا اس دن بھی یہ سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کے خلاف مہم چلا رہا تھا جس سے اس کے ذہن کی عکاسی ہوتی ہے۔