خیرپور ؛  کچے کے جنگلات کی بحالی اور ان کے تحفظ کیلئے حکمت عملی مرتب ،فیلڈ عملہ دن رات موجود رہے گا

21

خیرپور،26ستمبر(اے پی پی):  ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ضیاد اللہ لغاری کی زیر صدارت تمام فیلڈ سٹاف کا اجلاس  منعقد ہوا جس میں کچے کے فاریسٹ کی بحالی اور ان کے تحفظ کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ تر فیلڈ سٹاف کوکچے میں تعینات کیا جائے گا کیوں کہ پکے کے علاقے میں نقصان/تجاوزات کا کوئی مسئلہ نہیں ہے جب تک کہ پکے کے بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے، اس لیے پکے کے علاقے میں فیلڈ عملہ کچے کے آبادیوں میں تعینات کیا جائے گا جبکہ ریڈ پارٹی چیک پوسٹ کا عملہ کچے کے جنگلاتی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ حساس مقامات پر چار فارسٹ پکٹس بنائے جائیں گے جہاں پر عملہ دن رات ڈیوٹی کرے گا اور عملے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ  تمام رینج فارسٹ آفیسرز روزانہ کی بنیاد پر کچے کی آبادیوں کا دورہ کریں گے اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے۔

 اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فیلڈ سٹاف کی مدد کیلئے ایس ایس پی خیرپور معارف کچے کے علاقوں کے تمام تھانوں میں عملے کی فوری مدد کو یقینی بنائیں گے اور ہر چوکی پر کم از کم دو پولیس سپاہیوں کی موجودگی کو یقینی بنائیں گے۔جانوروں کے چرنے اور دوبارہ تجاوزات کی کوششوں کو کنٹرول کرنے کے لیے عملہ دن رات موجود رہے گا اور کچی کے جنگلات کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کرے گا۔

اجلاس میں رینج فارسٹ آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ دائرہ اختیار کے تمام ایس ایچ اوز کے ساتھ روزانہ رابطے میں رہیں، زمین پر تجاوزات کرنے والے یا دستی غفلت میں ملوث کسی بھی عملے کو سخت سزا دی جائے گی تاکہ دوسرے عملے کو اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے کرنے کا سبق ملے، انشاءاللہ خیرپور ڈویژن کا پورا عملہ کچی آبادیوں میں جنگلات کے تحفظ اور بحالی کے لیے ہر سطح پر پرعزم ہے۔