لاہور،26ستمبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے احسن اقدام،ہیلتھ کارڈ پروگرام میں جگر کی سرجری کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری بھی ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شامل کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے کیلئے مختص رقم میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی ہےاور کہا کہ بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کے اشتراک سے مریضوں کو جگر، گردےاور لبلبہ کی سرجری کی سہولت دی جائے گی۔جگر کی پیچیدہ سرجری کو ہیلتھ کارڈ میں شامل کئے جانے سے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی۔سرکاری ہسپتالوں کیساتھ نجی ہسپتالوں کے ماہرین بھی پیچیدہ سرجری میں معاونت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کی معاونت سے چھوٹے بچوں کی کارڈیک سرجری ہو گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سےبحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کی وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر شازیہ ملک کی ملاقات ہوئی اور انہوں نے بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز میں ہیلتھ کارڈ پر آپریشن اورپوسٹ آپریشن کیئر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
بحریہ انٹرنیشنل ہاسپٹلز کے ڈاکٹر فیصل حنیف اورجنرل ریٹائرڈ افتخار،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ جی ایم سکندر ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عمران سکندر بلوچ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











