ملتان، 03 اکتوبر (ے پی پی ):ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے کہا کہ موٹروے پر نومور مہم جاری رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین کو مزید سخت کردیا گیا ہے اور موٹروے پر سفر کرنے والے ڈرائیورز کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں موٹروے پولیس M-5 سیکٹر آفس میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے کہا کہ موٹروے سنٹرل II زون پر جدید آئی ٹی ایس سسٹم اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے وائلیشن پر قابو پایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹروے سنٹرل 2 زون پر ایک دن میں تقریباً 615 گاڑیوں کو مدد فراہم کی جاتی ہے، موٹروے پر سفر کرنے والی تمام بسوں میں ٹریکر سسٹم اور ڈیش بورڈ کیمرہ بھی لگوائے جا رہے ہیں اور تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے ٹریکر کی معلومات بھی لی جا رہی ہیں جس کی مدد سے ڈرائیورز کی جانب سے اوور سپیڈنگ ، لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے میں مدد مل سکے گی.بسوں میں جدید ٹریکر لگانے اور انہیں مانیٹر کرنے کا مقصد ڈرائیورز کو قانون کی پاسداری کروانا ہے۔
ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے کہا کہ موٹروے پر کسی بھی مدد کی صورت میں 130 ہیلپ لائن یا ہمسفر ایپلیکیشن سے مدد لی جا سکتی ہے۔
پریس بریفنگ میں سیکٹر کمانڈر M-5 سیکٹر-I رانا محمد اسماعیل، سیکٹر کمانڈر N-5 سنٹرل ندیم اشرف وڑائچ، سیکٹر کمانڈر سب سیکٹر M-4 عاطف چوہدری، ڈی ایس پی لائن ہیڈکوارٹر عابد مرزا، ڈی ایس پی بیٹ 23 چوہدری مسرور علی اور تمام میڈیا پرسن نے شرکت کی۔











