لاہور،03اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھر ی پرویزالٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے،وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں فلیٹیز ہوٹل کے جنرل مینجرارشادبی انجم اورسابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب جی ایم سکندر بھی اس موقع پرموجود تھے۔
پی ٹی آئی ٹیکساس کے صدرراشد بخاری نے وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں 30لاکھ روپے کا چیک دیا جبکہ کینیڈا سے آنے والے اوورسیز پاکستانی شاہد بٹ نے ٹیلی تھون کے دوران اعلان کردہ رقم کا چیک وزیر اعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں دیا۔ فلیٹیز ہوٹل کے جنرل مینجر ارشاد بی انجم نے بھی وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں امدادی رقم کا چیک دیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے،وزیر اعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپیل پر اوورسیز پاکستانیوں نے جس طرح رقم دی وہ جذبہ قابل قدر ہےاور کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ وہ عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے وسائل اور مخیر حضرات و اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات سےتمام سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اور کہا کہ سب سے پہلے میں نے راجن پور،تونسہ ڈی جی خان جا کر سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔











