اوکاڑہ،25اکتوبر)اے پی پی ):پاکستان کے عظیم دوست ملک عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل زاؤ شائراین کی اوکاڑہ آمد پر ایم این اے مسلم لیگ ن چوہدری ریاض الحق جج ، ایم پی اے مسلم لیگ ن چوہدری منیب الحق، صدرِ غلہ منڈی اوکاڑہ چوہدری حبیب الحق نے مہمان اعزاز قونصل جنرل کا والہانہ استقبال کیا۔عوامی جمہوریہ چین قونصل جنرل کی آمد کے سلسلہ میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
قونصل جنرل نے اوکاڑہ کی عوام کیلئے صاف پانی فلٹریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے ساری دنیا جانتی ہے کہ ترقی پسند عزم رکھتے ہیں۔
تقریب میں سیلاب زدگان افراد کی مدد کرنے والے افراد اور شب و روز محنت سے ان سیلاب زدگان بہن بھائیوں کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے والے افراد کو قونصل جنرل زاؤ شائراین کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قونصل جنرل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اوکاڑہ کی زرعی زمین کا معائنہ کیا تاکہ پاکستان کو مزید ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کیا جائے ۔قونصل جنرل نے اوکاڑہ زرعی آلات کی مارکیٹ کا بھیدورہ کیا اور بہتر سے بہترین طریقے سے زرعی آلات بنانے کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ کچھ شک نہیں کہ اوکاڑہ فلاحی کاموں میں غریب عوام کے ہمیشہ شانہ بشانہ رہا ہے۔
تقریب میں امتحانات میں اچھی پوزیشن لینے والے ہونہار طلبہ وطالبات کو شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں سابقہ کونسلرز، اساتذہ ، طلبا وطالبات ، سماجی مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعدادِ نے شرکت کی ۔











