ملتان، 25 اکتوبر ( اےپی پی): سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پی سی بی کے تعاون سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کرکٹرز یوتھ ڈویلپمنٹ 100 بہترین پروگرام کی رونمائی تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے چیئرمین پی سی بی کے وژن کے مطابق 100 بہترین پروگرام کا آغاز کیا جس کا مقصد نوجوانوں کے ترقیاتی پروگرام کے تحت نچلی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا اور مضبوط بنانا ہے ،اس پروگرام کے تحت کرکٹ کے کھلاڑیوں کو نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا بھی موقع ملے گا بلکہ قومی سطح پر بہترین مواقع بھی حاصل کر سکیں گے اس کے ساتھ ساتھ لائف سکلز کے تربیتی سیشنز شامل ہیں۔
سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن 100 پروگرام کو نہ صرف متعارف کروایا گیا بلکہ ان نوجوان کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی مسٹر رمیز راجا و دیگر کے ساتھ ملنے کا موقع بھی ملا۔ منتخب کردہ انڈر 13، انڈر 16، انڈر 19 اور انڈر 23 کے50نوجوان کھلاڑیوں جو کہ سلیکشن کمیٹی نے فائنل کئے تھےان50 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو لاہور قذافی سٹیڈیم لے جایا گیا ۔ لاہور قذافی سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب میں چیئرمین پی سی بی مسٹر رمیز راجا نے سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اس پروگرام کو بھرپور تائید کرتا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی خود کو ایک کیٹگری تک محدود نہ کریں بلکہ آل راؤنڈر کے طور پر خود کو تیار کریں اس کے ساتھ ساتھ مسٹر رمیز راجہ نے اچھے شاٹس کھیلنے کے بہترین طریقے بھی بتائے ۔
چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد عبدالصبور نے کرکٹرز یوتھ ڈویلپمنٹ 100 بہترین پروگرام کا تفصیلی تعارف کروایا اور کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ مزید نکھارنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی میں سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن باقاعدہ تربیت کا بھی اہتمام کررہی ہے رونمائی تقریب میں مسٹر ندیم خان (ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور)، مسٹر جنید ضیاء(جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز) کی ٹیم،مسٹر وسیم حیدر ( ہیڈ انضمام الحق ہائی پرفارمنس ملتان) مسٹر مسعود انور اورکوچز و دیگر موجود تھے۔











