وزیراعلی پنجاب سے معروف بزنس مین انور پرویز کی ملاقات،صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کو سراہا

83

لاہور،29اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے  ہفتہ کو یہاں  وزیراعلی آفس میں پاکستان کے  بڑے صنعتکار اور معروف بزنس مین انور پرویز نے ملاقات کی،اس موقع پرانور پرویز نے صوبے میں کاروباراور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ساز گار ماحول پر وزیراعلی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ نے مختصر عرصے میں سرمایہ کاری کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لئے چودھری پرویز الہی کے اقدامات قابل تحسین ہیں ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے بھی چودھری پرویز الہی گراں قدر کام کررہے ہیں۔

وزیراعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے لئے سرگرم عمل سرمایہ کار قابل قدر محسن ہیں،ہماری حکومت نے صوبے میں پہلی مرتبہ حقیقی سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیاہے،پنجاب سرمایہ کاری کے لئے زرخیزدھرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے خود مانیٹرنگ کررہاہوں،سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل کو سرخ فیتے کی نذرنہیں ہونے دیں گے اورکسی کو اوورسیز پاکستانیوں کے امور میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہاکہ سرمایہ کاروں کے تمام مسائل ایک ہی چھت تلے حل کررہے ہیں،رئیل سٹیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے او رعوام کی سہولت کے لئے پراپرٹی ٹرانسفر پر اشٹام فیس100فیصد کم کی ہے،پنجاب بھر میں یہ فیس ایک فیصد مقرر کی ہے ، ہمارے اس اقدام سے حکومت کو اربوں روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔انہوں نے انور پرویز کی خدمات کوسراہا۔

سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔