ملتان،05 نومبر (اے پی پی ):منیجنگ ڈائریکٹر واساظہوراحمدڈوگرنے کہاکہ نواب پور روڈ کی بروقت مرمت اور بحالی نہ ہونے سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔ واسا افسران، کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹرز اس روڈ کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اہل علاقہ اور شہریوں کو ریلیف دیں۔
ان خیالات کا اظہار نواب پور روڈ، چونگی نمبر 5 سےچونگی نمبر 4، سلطان آباد اور الجنت ہومز روڈ پر سیوریج اور فورس مین پائپ لائن کے بعد روڈز کی مرمت اور بحالی کے منصوبوں کے مقامات کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر ورکس کو بوسیدہ سوریج لائن منصوبے اور فورس مین پائپ لائن کے کنٹریکٹرز کے ساتھ کنسلٹنٹ کی ہنگامی میٹنگ طلب کر کے روڈ کی مرمت اور بحالی کے لیے جنگی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جبکہ متعلقہ کنٹریکٹرز کو گریڈر مشینری کے ذریعے نواب پور روڈ کو ہموار کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ واساکے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، منصوبوں کی مقررہ مدت مین تکمیل میں رکاوٹوں اور میعار پر سمجھوتے کی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ،سست روی کا شکار منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ تاخیر کا شکار منصوبے نہ صرف شہریوں کے لئے تکلیف کا باعث بن رہے ہیں بلکہ ادارے کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر واساظہوراحمدڈوگرنے تمام ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنی اپنی حدود میں جاری ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ تیز کرکے ان کو جلد ازجلد مکمل کروانے کی ہدایت کی ۔ایم ڈی واسا نے نواب پور روڈ کے تفصیلی معائنہ کے دوران واسا انجینئرز اور کنسلٹنٹ نیسپاک کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے نواب پور روڈ لیول کرنے کیلئے کنٹریکٹرز کو ہنگامی بنیادوں پر گریڈر کے ذریعے اتوار کے روز سے کام شروع کرنے اور روڈ کومکمل طور پر ہموار کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے اس دوران سیوریج اور فورس مین پائپ لائن کے منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ افسران کو تفصیلی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
وائس چیئرمین ایم ڈی اے اشرف ناصر خان، ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام، ڈپٹی ڈائریکٹرز عارف عباس، ، کنسلٹنٹ نیسپاک کے انجینئرز سمیت کنٹریکٹرز ودیگر بھی موقع پر موجود تھے۔











