بابا گورونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات شروع، بھارت سے تین ہزارکے قریب سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

14

لاہور،6نومبر  (اے پی پی):سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 553 ویں جنم دن کی تقریبات شروع ہو گئیں جس کیلئے بھارت سے تین ہزارکے قریب سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے۔ اس موقع پر محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد نے پردھان سردار امیر سنگھ ،ستونت سنگھ کے ہمراہ مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

بورڈ کے ترجمان عامر ہاشمی ،عاصم چوہدری،اظہر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔سکھ گورودارہ پربندھک کمیٹی کے پریت سنگھ،دہلی کمیٹی کے دلجیت سنکھ ،ہریانہ کمیٹی کے من جیت سنگھ اور بھائی سردانہ کمیٹی کے جگ جیت سنگھ سمیت دیگر سکھ رہنمائوں نے پاکستان پہنچنے پر دلی خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گورو کی دھرتی سے خصوصی پیار ہے۔

بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنم استھان کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے اور مہمانوں کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات فول پروف کئے گئے ہیں جبکہ ان کے بیٹھنے کیلئے خصوصی مارکیز لگائی گئی ہیں۔چیئرمین بورڈ حبیب الرحمن گیلانی کی ہدایت پر بورڈ کے افسران و ملازمین دن رات مہمانوں کی خدمت میں مصروف ہوں گے ۔پردھان سردار امیر سنگھ اور سردار ستونت سنگھ نے کہا کہ ٹرسٹ بورڈ نے پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کی مشاورت سے تمام انتظامات مکمل کئے ہیں۔

بورڈ ترجمان کے مطابق مرکزی تقریب کل 8 نومبر بروز منگل کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جس میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنما شرکت کرینگے۔