پشاور،9نومبر (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کی ابتدائی سکریننگ سے ہزاروں جانیں بچائی جا سکتی ہیں،ابتدائی مراحل میں اس بیماری کی تشخیص اس کے علاج اور کنٹرول میں کافی موثر ثابت ہوتی ہے۔
خاتون اول نے یہ بات بدھ کو نارتھ ویسٹ اینڈ ریسرچ ہسپتال حیات آباد میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کی ، سیمینا ر میں سی ای اونارتھ ویسٹ ہسپتال ضیاء الرحمان ،چیئرمین نارتھ ویسٹ ہسپتال ڈاکٹر طارق ہاشم ،کینسر کے ماہرین ڈاکٹروںاور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کی شرح ایشیاء کے ممالک میں پاکستان میں سب سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں خواتین میں آگاہی کا فقدان اس کے پھیلاوکی اہم وجہ ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں اس بیماری سے بچاو کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کر کے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس بیماری کے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ اپنا معائنہ کرواتی رہیں۔انہوں نے سرطان سے متعلق آگاہی مہموں کی حمایت کرنے پر سرکاری ونجی ہسپتالوں ،میڈیا اور سول سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
سیمینار سے ماہرین ڈاکٹروں نے بھی خطاب کیا۔آخر میں چیف ایگزیکٹو نارتھ ویسٹ ہسپتال ضیاالرحمان نے خاتون اول کو شیلڈ بھی پیش کی ۔











