ملتان؛ کمشنر   اشفاق احمد چوہدری کا  نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

26

ملتان، 09 نومبر (ا ے پی  پی ):کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے وارڈز، آپریشن تھیٹر ،  نشتر ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات بارے بات چیت کی۔

 کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ جدید سہولیات سے لیس ہسپتال حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئےصحت کے شعبے کی توسیع کی جارہی ہے،نشتر ہسپتال پورے جنوبی پنجاب کے مریضوں کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔ انہوں  نے تمام سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سکیموں کی تکمیل میں کوالٹی کو معیار بنایا جائے۔

وی سی نشتر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے بتایا کہ نشتر ہسپتال کسی مریض کو انکار نہیں کرتا،1700 بیڈز کی کیپسٹی سے بڑھ کر مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے، گزشتہ سال 869769 مریضوں کا آوٹ ڈور، 601530 مریضوں کا ان ڈور علاج کیا گیا۔جلد ہی نشتر میں فارمیسی کالج کا افتتاح و کلاسز کا آغاز کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 200 ملین روپے کی لاگت سے پیٹ سکین پروجیکٹ اور 200 ملین روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال پر کام تیزی سے جاری ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف  نے کہا کہ نشتر2 کی تکمیل نشتر1 سے مریضوں کا بوجھ کم ہونے میں معاون ثابت ہوگی،175ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بچوں کے برن سنٹر کا ٹینڈر کا عمل شروع ہے، مردہ خانہ کیلئے اہم آلات و سامان کی خریداری کا 30.625 ملین روپے کا ٹینڈر  پراسیس شروع ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خون کے امراض کیلئے 110 بیڈز انسٹیٹیوٹ منظور کیا گیا، اس انسٹیٹیوٹ کیلئے امسال 300 ملین روپے مختص کیے گئے،آنکھوں کے امراض کیلئے سنٹر بارے 200 ملین روپے اے ڈی پی میں مختص کئےگئے۔ 5 لیکچر تھیٹر کمپلکس سے طلباء کیلئے نئے کلاسرومز کا اضافہ ہوگا۔ وئیر ہاؤس پر ساڑھے 39 کروڑ روپے لاگت آئ ہے۔ وئیر ہاؤس 4 منزلہ عمارت ہے  اس میں ادویات محفوظ طریقے سے سٹور ہو سکیں گی۔