جلالپورپیروالہ، 11 نومبر(اےپی پی): کسان ڈے کے موقع پر چک 68 ایم میں کسانوں سے ایک کارنر میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر ازور رضاگیلانی نے کہا کہ گندم کیساتھ ساتھ کسان کینولا یا سورج مکھی کی کاشت ضرور کریں اور کھاد کی خریداری مستند ڈیلرز سے خریدیں اور رسید ضرور حاصل کریں، کسان کھاد پر زیادہ نرخ وصول کرنے والوں کی نشاندہی بھی کریں، فیلڈ اسسٹنٹ محکمہ زراعت راشد رحمانی نے کہا کہ کسان گندم کی کاشت جلد از جلد مکمّل کریں اور بیجائی کے وقت فاسفورس اور پوٹاش والی کھاد کا استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان حکومت کے منظور شدہ بیج کی اقسام اکبر19،دلکش، سٹار بھکر، عروج22،غازی اور سبحانی ہی کاشت کریں اور بیج کی مقدار 50 تا 55 کلو فی ایکڑ رکھیں ، گندم کی بجائی کے بیس سے 25 دن بعد پہلا پانی ضرور لگائیں اور پانی لگاتے وقت فی ایکڑ ایک بوری یوریا کھاد اور 6 کلو زنک سلفیٹ کا استعمال بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مفید مشوروں سے کسان اپنی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ حاصل کرسکتے ہیں ۔











