پارکس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ؛ڈپٹی کمشنراوکاڑہ عرفان علی کاٹھیا

19

اوکاڑہ،17نومبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ شہر کی خوبصورتی کے لئے پارکس اور گرین بیلٹس کی بحالی پر کوئی دو رائے نہیں ہے ہمیں بحثیت ادارہ اور شہری اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہے محکمہ جنگلات، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی نے ضلع کے پارکوں کی تزئین و آرائش اور بحالی کے لئے جو خدمات سر انجام دے رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں پارکس اور گرین بیلٹس پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا مستقبل قریب میں ضلع کے تمام پارکس اپنی اصل شکل وصورت میں بحال ہوں گے اور شہریوں کی سہولت اور آسانی کو ہر جگہ اولین اہمیت دی جائے گی ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ اقبال روڈ پر پارک کی بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی میاں عبد الرشید بوٹی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر لیاقت بیگ ،انفارمیشن سیکریٹری پی ٹی آئی آصف گجر ،ضلعی صدر پی ٹی آئی خواتین ونگ شازیہ لاشاری نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت پارک میں پودے لگائے ۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ شہر میں پارکوں کی بحالی اور تزئین وآرئش کے کام میں عوام کی شمولیت ان کی افادیت میں اضافہ اور لوگوں کو فلاح و بہبود کے کاموں کی طرف متوجہ کرنے کا باعث ہوگی، ہمیں اپنے ضلع کو خوبصورت بنانا ہے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال کرنا ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دے سکیں۔