سیالکوٹ،17نومبر(اے پی پی ): کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن غلام فرید نے کہا ہے کہ کھیل کے بغیر تعلیم نامکمل ہے، کھیل بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کی ضامن ہے۔ کھیل، فنون لطیفہ اور ہم نصابی سرگرمیاں انسانی صحت پر گہرے مثبت اثرات مرتب کرنے کے علاوہ ان کی شخصیت ایسی مثبت صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے جو زندگی کی ڈور میں ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ لیڈی اینڈریسن ہائیر سیکنڈری سکول سیالکوٹ میں پنجاب دانش سکول اتھارٹی کے تحت سنٹر آف ایکسی لینس سکولوں کے مابین کھیلوں کے تیسرے سالانہ مقابلہ جات کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن غلام فرید نے کہا کہ دانش سکول اتھارٹی اور سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا مقصد ہی طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے کھیلوں، آرٹ اور میوزک کی تربیت کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ بچوں کے اعتماد میں اضافہ ہو اور وہ ایک ٹیم کہ طرح کام کرنا سیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان جو کھیل سے سیکھتا ہے وہ کسی بھی کلاس روم کی اکیڈیمک ایکٹیوٹیز سے نہیں ممکن نہیں۔
مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب دانش سکول اتھارٹی احمر ملک نے کمشنر گوجرانوالہ غلام فرید کو سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 17 سے 21 نومبر تک سیالکوٹ میں جاری رہنے والے سپورٹس مقابلہ جات میں 12 سنٹر آف ایکسی لینس کے 500 سے طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سیدہ آمنہ مودودی، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سفیان دلاور اور اعجاز غوری کے علاوہ کثیر تعداد میں اساتذہ اوروالدین بھی موجود تھے۔











