فیصل آباد۔17نومبر (اے پی پی):فیصل آباد میں محکمہ زراعت توسیع جڑانوالہ اور قومی زرعی تحقیقاتی ادارہ اسلام آباد شعبہ گندم کے باہمی تعاون سے جڑانوالہ میں گندم کی پیداوار میں بڑھوتری کے منصوبہ کے تحت جمعرات کو یوم کاشتکاران کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل جڑانوالہ سے ملحقہ دیہاتوں سے کاشتکاروں نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔ زرعی ماہرین نے گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کے لئے گندم کے رہنما اصولوں پر سیر حاصل بحث کی۔مزید بر آں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع جڑانوالہ رضوان عامر خان نے گندم کی وقت پر بوائی، کھادوں کے متناسب استعمال اور مناسب بیج کے انتخاب پر گفتگو کی اور کاشتکار بھائیوں کو تاکید کی کہ گندم کی کاشت کے عمل کو جلد ازجلد مکمل کریں۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبد الحمید نے کھادوں کی دستیابی، متناسب استعمال کے بارے میں تفصیل سے کسانوں کو آگاہ کیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر یعقوب نے گندم کی پیداوار میں بڑھوتری کے منصوبے کے مختلف حصوں پر روشنی ڈالی اور کاشتکاروں کو نامیاتی کھادوں کے استعمال پر زور دیا۔ڈاکٹر عامر رسول ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ فیصل آباد ڈویژن نے گندم کی بیماریوں اور جڑی بوٹیوں کے کنٹرول پر تفصیلاً آگاہی دی۔اس موقع پر زمینداروں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ چوہدری عبدالحمید ڈائریکٹر زراعت مہمان خصوصی و دیگر مہمانان چوہدری ذکا خاں، چوہدری طیب ذکا، ملک ظفر اقبال کھوکھر اور ترقی پسند کاشتکار رائے خضر حیات، سرفراز تارڑ، رانا محمد افضل و دیگر نے خصوصی شرکت کی اور محکمہ زراعت کی کار کر دگی کو سراہا۔











