کوئٹہ،25نومبر (اے پی پی):استحکام پاکستان کے لئے پاک فوج کی حمایت میں بلوچستان کے عوام بہت بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے ، پاک فوج کے حق میں بلوچستان کے مختلف شہروں میں سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے عظیم الشان ریلیاں نکالی گئیں ، بلوچستان کے عوام نے پاک فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف ملک دشمن عناصر کا بیانیہ مسترد کر دیا ۔
ریلی کے شرکاءکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھے ، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ کے کوارڈینٹر بلال خان کاکڑ کی قیادت میں ہزاروں افراد اور سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ریلی کا انعقاد کیاگیا ۔ ریلی کوئٹہ پہنچی ، ریلی کے شرکاءنے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا اور پاک فوج کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔بلوچستان شہداءفورم کی جانب سے پاک فوج کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بعض عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ عوام اور خاص طور سے شہداءوطن کے لواحقین اپنے پیاروں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ملکی اداروں کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام بنادیں گے ،ریلی میں سکیورٹی اداروں کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔











