وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین  کا ڈاکٹر غلام علی ملاح کی سائبر سکیورٹی پر کتاب  کی تقریب  رونمائی سے خطاب

53

اسلام آباد۔1دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر غلام علی ملاح کی سائبر سکیورٹی پر کتاب ’’ڈیفنس ان ڈیپتھ‘‘ اس شعبہ میں ایک بہترین اضافہ ہے، سائبر سکیورٹی پر کام کرنے والے طلباء کو اس سے بہترین رہنمائی حاصل ہو گی۔ وہ جمعرات کو ایک مقامی ہوٹل میں کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی پر مواد نہ ہونے کے برابر تھا ، اس شعبہ میں کام کرنے کی بہت گنجائش تھی جبکہ یہ کتاب اس میں ایک بہترین اضافہ ہے۔ انہوں نے کتاب کے مصنف ڈاکٹر غلام علی ملاح کو اس بہترین تصنیف پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ مقررین کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ سائبر سکیورٹی پر ایک بہترین کتاب ہے، میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے کہوں گاکہ وہ اس کتاب کا جائزہ لیتے ہوئے اسے کورس میں شامل کرے تاکہ طلباء اس سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سائبر سکیورٹی میں بہت پیچھے ہیں، آج کے دور میں یہ ایک اہم شعبہ ہے اور یہ کتاب اس کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کو بھی اس کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دی اور ایم ڈی نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر راجہ مظہر حمید کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کتاب کے موضوع اور معیاری کام کی وجہ سے ہمیں اس کو مختلف اداروں میں متعارف کرانے میں دقت نہیں ہو گی، میری خواہش ہے کہ ڈاکٹر غلام علی ملاح مستقبل میں بھی اس شعبہ میں مزید کام کریں کیونکہ اس شعبہ کو اس طرح کے بہترین مصنفین کی ضرورت ہے جو اس میں پائے جانے والے خلاء کو پُر کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر نیشنل بک فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ مظہر حمید نے کہا کہ بک فائونڈیشن نے پہلے ہی کتاب پر 50 فیصد ڈسکائونٹ رکھا ہے اور یہ کم قیمت پر طلباء اور سائبر سکیورٹی پر کام کرنے والے افراد کو میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کتاب پر آئی ایس او سرٹیفکیشن  بھی حاصل کرنے کیلئے اپلائی کر رہے ہیں۔ تقریب سے کتاب کے مصنف اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے سربراہ ڈاکٹر غلام علی ملاح  نے کتاب کے حوالہ سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کتاب میں سائبر سکیورٹی کو موضوع بنایا گیا ہے، اس میں ایسے ماڈل پیش کئے گئے ہیں جو مکمل طور پر پریکٹیکل ہیں، پاکستان میں سائبر سکیورٹی کے مسائل کو حل کرنے میں یہ کتاب اہم کردار ادا کرے گی اور سائبر سکیورٹی پر کام کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ جو طلباء سائبر سکیورٹی میں رہنمائی حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کیلئے یہ کتاب بہترین ہو گی اور میں اسے نصاب میں شامل کرنے کی تجویز پیش کرتاہوں، اس کتاب میں سائبر سکیورٹی کے موجودہ اور مستقبل کے تمام حصوں کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔