وزیراعظم شہباز شریف 9 دسمبر کو سکھر حیدرآباد موٹروے کا افتتاح کرینگے؛ وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود

64

کوئٹہ،7دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 9 دسمبر کو سکھر حیدرآباد موٹروے کا افتتاح کرینگے،عمران خان اپنی حکومت میں ایک بھی موٹروے نہیں بناسکا ہے  ، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کی وجہ سے ملک کو معاشی طور پر نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں  این ایچ اے کوئٹہ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں شروع ہونے والے جو میگا منصوبے پچھلے حکومت نے بند کردئیے تھے، ہماری اتحادی حکومت ان  منصوبوں  کو دوبارہ شروع کررہے ہیں، گوادر ائیر پورٹ کو چین کے تعاون سے اگلے سال تک آپریشن کر دیا جائیگا، ملک کو درپیش معاشی مشکلات سے نکالنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی  معاشی ماہرین وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں کام کررہے ہیں، شہریوں کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔

 وفاقی وزیر مواصلات اسد محمود نے کہا کہ چمن تا کوئٹہ کراچی 790 کلومیٹر  کا جلد ٹینڈر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران نیشنل ہائی اتھارٹی کے آفیسران و ملازمین نے ایک مہینے تک فیلڈ میں کام کرکے متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاءپہنچائیں۔