وزیراعلی پنجاب  چودھری پرویز الہی سے کنیئرڈ کالج فاروومن یونیورسٹی کے وفد کی ملاقات

68

لاہور،13دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے کنیئرڈ کالج فاروومن یونیورسٹی کے وفد نے منگل کو یہاں   وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔وفد میں شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائنگ کی سربراہ پروفیسر صائمہ جبار،فیکلٹی ممبرزینب شاہد،طالبات حاجرہ محمود،فاطمہ عنصر، لاریب میراورمیرب چودھری شامل تھیں۔ایم این اے حسین الہی،سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعیم غوث، ڈی جی پروٹوکول پنجاب عنصرنذیر،ڈی جی پی آر را پرویز اختر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد نے وزیراعلی چودھری پرویز الہی کے تعلیم کے فروغ اور عوامی فلاح کے کاموں کی تعریف کی۔

وزیراعلی چودھری پرویزالہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنیئرڈ کالج کو میں نے اپنے سابقہ دور میں یونیورسٹی کا درجہ دیا،ہماری طالبات باصلاحیت اور ہر  میدان میں آگے ہیں،سابق دور میں میٹرک تک تعلیم کو فری کیا،اب گریجوایشن تک تعلیم فری کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل ڈیزائنگ کے شعبے میں بہت سکوپ ہے،طالبات کو ٹیکسٹائل ڈیزائنگ کے شعبے میں جدید رحجانات کو اپنا نا چاہیے۔

وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کنیئرڈ کالج فاروومن یونیورسٹی کے لئے 8کرو ڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کنیئرڈ کالج فاروومن یونیورسٹی کونمائش کے انعقادکے لئے بھی پورا سپورٹ کرے گی۔