شجاع آباد؛ سانحہ پشاور کے حوالےسےنجی سکول میں دعائیہ تقریب منعقد،شمعیں روشن کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

13

شجاع آباد، 16 دسمبر (اے پی پی ): نجی سکول میں سانحہ پشاور کے حوالے سے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں طلباء نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاجبکہ سانحہ اے پی ایس کی آٹھویں برسی کے موقع پر طلباء نے موم بتیاں بھی روشن کی گئیں۔

 تقریب میں شامل خواجہ وقاص اسلم نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور پاکستان کے وجود کا وہ گہرا زخم ہے جو کبھی بھی بھرا نہیں جا سکتا، شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور نے اپنے خون سے علم کی شمع کو روشن کر کے علم دشمن قوتوں کی سازش کو ناکام بنا دیا اور کہا  کہ قومیں ہمیشہ عظیم تر قربانیاں دے کر ہی زندہ رہتی ہیں۔

  بعد ازاں سانحہ پشاور کے حوالے سے ایک اور شہری دلشاد احمد نے کہا کہ شہدائے اے پی ایس کی عظیم لازوال قربانی نے پوری قوم کو متحدہ یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو نئی زندگی بخشی ہے،  معصوم بچوں کا خون بہانے والوں کو روئے زمین سے مٹا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوان شہیدوں کے خون نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف اکٹھا کیا اور قوم کی حمایت سے ملک کی مسلح افواج نے دور دور سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف ناقابل یقین کامیابی افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کے گئی اور طالبات نے شمعیں روشن کرکے اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔