سکھر،16دسمبر(اے پی پی): سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی برسی کے موقع پر سیاسی سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی ،تاجر تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے ملٹری روڈ سے سرکٹ ہاؤس تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت تاجر رہنماؤں ہارون میمن ،جاوید میمن ،شائستہ کھوسو ،سعید اعوان ودیگرنےکی۔ شرکاء نے ریلی کےدوران پورے راستے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کی نعرے بازی کی۔
اس موقع پررہنماؤں نےخطاب کرتے ہوئے ملک سےدہشتگردی کے خاتمےکےلیے پاک فوج اوردیگر سیکیورٹی فورسزکی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کادن ملک کی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، اس دن دہشتگردوں نے قوم کے دل پر جو زخم لگایا وہ آج بھی پہلے دن کی طرح تازہ ہے، قوم اس سانحے کو کبھی فراموش نہیں کرسکےگی۔
مقررین نے کہا کہ اس سانحے کے بعد نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا گیا جس نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی لیکن آج بھی چند مٹھی بھر دہشتگرد ملک کے امن کو تباہ کرنے پر تلے ہیں مگر ہماری افواج اور سیکیورٹی فورسز ان کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گی۔











