اوکاڑہ؛پاک سر زمین پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلے سے ہر طرح کی دہشت گردی کو شکست دے گی۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

23

اوکاڑہ،16دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پاک سر زمین پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلے سے ہر طرح کی دہشت گردی کو شکست دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالجز اوکاڑہ میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرنسپل میڈم ثروت حسن نے تقریب کی غرض و غایت اور کالج کی جانب سے شہداکو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ  پاکستان ہماری امیدوں کا محور اور ہمارے لئے ایک جائے پناہ ہے پاکستان کے لئے ہم نے جو قربانیاں دی ہیں وہ قیامت تک یاد رکھی جائیں گی آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں ،اساتذہ اور سٹاف نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اے پی ایس پشاور کے ننھے طالبعلموں نے جام شہادت نوش کیا اور اس سانحہ نے پوری قوم کو یکجا کر دیا پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگئی اور ہم نے اپنے عمل سے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اس پاک سر زمین پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے پاکستانی قوم اپنے عزم اور حوصلے سے ہر طرح کی دہشت گردی کو شکست دے گی۔

تقریب میں سکول کے طالبعلموں،والدین،اساتذہ نے بھی شرکت کی بچوں نے خاکے،ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے یادگار شہداء پر بچوں کے ہمراہ شمعیں روشن کیں۔انہوں نے طالبعلموں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔  بعد ازاں سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی قبل ازیں شہداء کے لئے قرآن خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی