لوک ورثہ میں کرسمس کی رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد، مسیحی برادری کی بھرپور شرکت

42

اسلام آباد،23دسمبر  (اے پی پی):لوک ورثہ میں کرسمس کی رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) نے جمعہ کو شکرپڑیاں میں کرسمس کا جشن منایا۔ ایک روزہ کرسمس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں مسیحی برادری کا اجتماع، کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب، کرسمس ٹری ، مختلف خصوصی دستکاری کے شعبوں میں ماہر کاریگروں کے فن پاروں کی نمائش، لوک گیت، لوک رقص جیسے خصوصی پرکشش پروگرام پیش کئے گئے۔

کرسمس پر ویڈیو دستاویزی فلمیں اور روایتی ڈرمر (ڈھولیاں) کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ لوک ورثہ کمپلیکس دن بھر کرسمس کی تقریبات کا مرکز بنا رہا۔ پاکستان نیشنل ہیریٹیج میوزیم میں ایک پر وقار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسیحی برادری اور مقامی سامعین نے شرکت کی۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)، سینٹ تھامس چرچ، بلیو ایریا اور  یو ۔پی چرچ، F-7/4 نے کرسمس کی تقریبات کے لئے لوک ورثہ کے ساتھ تعاون کیا۔

 اس موقع پر چرچ کوئرز اور پی این سی اے   میں پرفارم کرنے والے آرٹ تھیٹر نے شاندار پرفارمنس دی۔ کرسمس کی خوشی میں صوفیانہ گیت اور دھمال بھی پیش کی گئی۔