وہاڑی،24 دسمبر (اے پی پی ): کرسمس کے حوالے سے ایف سی بائبل چرچ کی جانب سے چھٹا سالانہ ایک روزہ مسیحی عبادتی پروگرام کرسچن کالونی فش فارم وہاڑی منعقد ہوا جس کے مہمان گرامی جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ(ق) وسابق ممبر ضلع کونسل وہاڑی البرٹ پطرس اور پاسٹر ممتاز ساون چیئرمین آل چرچ کونسل وہاڑی تھے۔
پروگرام میں مسیحی گیتوں پر بچوں نے ٹیبلوز پیش کرکے خوب داد وصول کی، پرستار پاسٹر و جنرل سیکرٹری آل چرچ کونسل یوآب گل اپنی خوبصورت آواز میں مسیحی گیت پیش کئے، جسے بہت سراہا گیا۔ بچوں نے مسیحی مذہبی ڈرامہ پیش کیا۔
پروگرام کے مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اقلیتوں کو پورا حق حاصل ہے، ہم اپنی عبادات اپنے چرچز میں بلا خوف و خطر کرتے ہیں۔
تمام مہمانوں اور مسیحی برادری نے ملکر کرسمس کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر میزبان پاسٹر یوآب گل نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
مبشر کاشف بھٹی ، پاسٹر راج رزاق، مسسز یوآب گل، مبشرہ خورشید، مبشر یعقوب، بابر رسول و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی پی او وہاڑی ظفر بزدار کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ آخر میں ملک پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔











