پیپلز پارٹی کی کوئی قیادت نیب کی ترمیم سے بری نہیں ہوئی،ہمیشہ کیسز کا سامنا کیا؛نیئر بخاری

10

ایبٹ آباد،25 دسمبر(اے پی پی):پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کوئی قیادت نیب کی ترمیم سے بری نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی کبھی بھی مقدمات سے نہیں ڈرتی،ہماری قیادت نے ہمیشہ کیسز کا سامنا کیا اور بعد میں بری ہوئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم گھبرا رہے ہو اور تمہار ا مطالبہ ہے کہ قوم انتخابات میں پڑ جائے اور دوبارہ انتخابات میں آکر ان مقدمات سے چھٹکارہ مل جائے لیکن یاد رکھو انتخابات وقت پر ہوں گے اور مدت 18 اگست 2023 میں پوری ہو گی ،ان انتخابات میں پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتیں کامیاب ہو کر سامنے آئیں گی ۔

سید نیئر بخاری نے کہا کہ یہ جو لاہور میں آکر بیٹھ گئے ہیں ان کو صرف سرکاری پروٹوکول چاہیے، یہ ڈر اور خوف سے مقدمات کا سامنا نہیں کر رہے اور بنی گالا نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ واضح کرتے ہیں اس ملک میں قانون کی عمل داری ہو گی، جس نے قانون توڑا یا خلاف ورزی کی اس کا احتساب ہوگا،ہم نے بھی احتساب کو بھگتا ہے،پیپلز پارٹی کبھی اس سے نہیں گھبرائی ہے،اب تمہیں مقابلہ کرنا پڑے گا۔

سید نیئر بخاری کا مزید کہنا تھا کہ چار سال اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک پیج پر رہنے کا دعویٰ کرنے والا اب ایک ہی رٹ لگا رہا ہے اس کے خلاف سازش ہوئی ہے اب باجوہ کا نام لے کر کہتے ہیں سارا کچھ انہوں نے کیا ۔اگر ہمت تھی بیساکھیوں پر نہیں تھے چیف ایگزیکٹو تھے تو باجوہ کو سائیڈ پر کرتے آج کیوں شور مچا کر الزام لگا رہے ہو۔انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نظریات کا ساتھ دینے والے کارکنان کو ان کی معراج پر پہنچایا ہے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع سالم خان نے ایبٹ آباد میں پروٹیکٹر آفس کے قیام اور ہزارہ کی تمام تحصیلوں میں بے نظیر انکم سپورٹس کے دفاتر قائم کرنے کا اعلان کیا۔