سکھر،27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ساری پارٹیاں مل کر ملک بچانا اور پی ٹی آئی اسے کمزور کرنا چاہتی ہے، آج کے دن پیپلزپارٹی کیلئے بڑا سانحہ ہوا،بے نظیر بھٹو کو جان کا خطرہ تھا اس کے باوجود وطن واپس آئیں، سیاست کانٹوں کی سیج ہے پھر بھی ہم نبھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انهوں نے کہا کہ عمران خان کو ہیلی کاپٹر پر گھومنے کی عادت پڑچکی ، وہ لالچ کی وجہ سے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جا رہے ہیں ،ان کو اگر نہ ہٹایا جاتا تو ملک سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اگر استعفیٰ دینے ہیں تو کس نے روکا ہے،ان کے ممبران استعفیٰ دیکر پھر سپیکر کے پاؤں پکڑتے ہیں کہ ہماری تنخواہ اور مراعات نہ کاٹی جائیں ۔ شازیہ عطا مری نے کہا کہ کے پی حکومت دہشتگردوں کے سامنے لیٹ چکی ہے اور ان کا سامنا نہیں کر پا رہی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بقا کی خاطر ہم نے پی ڈی ایم کا ساتھ دےکر نالائق حکومت کا خاتمہ کیا ،سندھ میں بدامنی پر بات کرنے والے باقی صوبوں کی حالت بھی سامنے رکھیں۔











