وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی زیر صدارت نشتر پرچیز کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

16

ملتان،28 دسمبر(اے پی پی):وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی زیر صدارت نشتر پرچیز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز کانفرنس روم وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوا جس میں پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان، ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر محمد ابوبکر،  اے ایم ایس پرچیز ڈاکٹر نبیل احمد، اے ایم ایس ڈاکٹر نثار احمد سمیت دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نشتر ہسپتال بشمول نشتر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے لیے ادویات اور دیگر سرجیکل اشیاء کی خریداری کے حوالے سے پیشرفت اور بجٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے متعلقہ افسران کو شفافیت اور معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر تمام اشیاء کی خریداری کے عمل کو ممکن بنانے کی ہدایات جاری کیں اور اس حوالے سے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں ادویات کی کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ کی زیر صدارت بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان اور اے ایم ایس فارمیسی ڈاکٹر عبدالقادر خان سمیت متعلقہ شعبے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقادر خان نے اسٹاک کی موجودہ صورتحال اور کمی کو پورا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے پرنسپل نشتر میڈیکل کالج کو بریفننگ دی۔