وزیراعلی  پنجاب کی عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے جلد   مکمل کرنے کی ہدایت

20

لاہور،28دسمبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی نے فیصلہ سازی میں دیگر صوبوں کے وزرا اعلی سے سبقت لیتے ہوئے کم وقت میں تیز ترین کام کا ریکارڈ قائم کردیا۔ صوبائی کابینہ کے7 اجلاسوں میں 371ایجنڈوں پر فیصلے کرکے سرکاری امور کی انجام دہی کا نیاریکارڈ بن گیا ہے۔ عوام کی فلا ح وبہبود کیلئے 4 ماہ کی قلیل مدت کے دوران لوکل گورنمنٹ کے 59،ہائوسنگ کے 45،ہوم ڈیپارٹمنٹ کے 42، ریونیو کے 34،فنانس کے 36،سپیشلائزڈہیلتھ کیئر کے 23اورپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے 19ایجنڈا پوائنٹس پر فیصلے کرکے نمٹایا گیا۔

وزیراعلی  پنجاب کی زیر صدارت کابینہ اجلاسوں  کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کو طویل  اجلاس منعقد ہوا، جس میں  سابق وفاقی وزیر مونس الہی اور ایم این اے حسین الہی نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر رپورٹس پیش کیں۔ اجلاس میں وزیراعلی  پنجاب نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے جلد  پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں،رکاوٹ برداشت نہیں، بھرتیوں کے لئے ضروری کارروائی جلد  مکمل کی جائے،محکمہ صحت اورتعلیم کے  منصوبوں اوربھرتیوں کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعلی نے گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے مختلف محکموں کے لئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چنکارا کے شکار  کے سلسلے میں  غیر ملکی شکاریوں کیلئے آئندہ سیزن میں فیس25ہزار ڈالر مقرر کی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 850ملین ڈالرکی فارن فنڈنگ سے بڑے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔پنجاب اوپن لینڈ ان ہانسمنٹ سسٹم فارن فنڈنگ کے ذریعے نافذ ہوگا۔

وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب افورڈ ایبل ہائوسنگ پراجیکٹ کیلئے ورلڈ بینک 200ملین ڈالر دے گا۔افورڈ ایبل ہائوسنگ پراجیکٹ میں سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گھر ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹامیں 20سینٹر ل آف ایکسی لینس قائم کئے جائیں گے۔پولیس اوردیگر محکموں میں ڈرونز ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔

 اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 825ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور لوکل گورنمنٹ کے 323منصوبوں کیلئے ٹینڈرہوچکے ہیں۔ سٹامپ ڈیوٹی میں 100فیصد کمی کرنے سے رجسٹریشن میں 70فیصد اضافہ نوٹ کیاگیا ہے۔

 اجلاس میں چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسد اللہ خان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، ہائیر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، زراعت، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، جنگلات، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کے اعلی حکام نے  شرکت کی۔