کوئٹہ،29 دسمبر(اے پی پی):گوادر میں جاری احتجاج سے متعلق صوبائی وزیرداخلہ میرضیاءاللہ لانگو نے ایک اہم ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ گوادر میں حق دو تحریک کے احتجاج کے حوالے سے حکومت بلوچستان نے باربار مزاکرت کئے، صوبائی حکومت نے وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں حق دوتحریک کے تمام مطالبات تسلیم کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ گوادر میں شرپسند عناصر خواتین کو ڈھال بنا کر استعمال کررہے ہیں، حکومت جب سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، شرپسندوں کو گرفتار کرنے جاتی ہے تو وہ خواتین کو گھروں سے نکال دیتے ہیں اور گوادر کی خواتین باشعور ہے اور انہیں حالات کی سنجیدگی کا ادارک ہے جبکہ گزشتہ روز حق دو تحریک کے مشتعل افراد نے سرکاری املاک کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشتعل افرادکی جانب سے شرپسندی کی جائے گی تو قانون بھی حرکت میں آئے گا۔گوادر میں خواتین پر تشدد،لاٹھی چارج اورانکی گرفتاریوں سے متعلق بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنی سیاسی ساکھ اور جھوٹی شہرت حاصل کرنے کے لئے گوادر میں مشتعل افراد شرپسندی پر اتر آئے ہیں، گوادر کے خواتین اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں، گوادر کے ماوں بہنوں اور بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کے مشتعل افراد کی شکل میں شرپسندافراد سے دور رہیں ۔
میرضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ گوادرکی آنے والی نسلوں کامستقبل شہر میں جاری سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادرمیں جاری احتجاج کے دوران حکومت گزشتہ چار روز سے صبروتحمل کا مظاہرہ کررہی ہے جبکہ گوادرمیں شرپسند عناصر بھاری اسلحے کے ساتھ لیس ہوکر پرامن ماحول کو خراب کررہے ہیں، مشتعل شرپسند افراد نے اسلحہ استعمال کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کو شہید کیا، حکومت گوادر کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھارہی ہے۔











