حکومتی قرضوں میں 100ارب کی کمی سے آئندہ گندم خریداری کے عمل میں بہتری آئے گی؛وزیراعلیٰ پنجاب

31

لاہور،3جنوری  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں گندم کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موثر اقدامات سے گندم خریداری کی مد میں حکومت پنجاب کے قرضوں میں 100 ارب روپے کی ریکارڈ کمی کر دی گئی ہے ، حکومتی قرضوں میں کمی سے آئندہ گندم خریداری کے عمل میں بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ  احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دیں گے تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے ، کسان بغیر کسی مشکل کے فوری ادائیگی کا کام پنجاب حکومت کی گو پنجاب ایپ سے بھی کر سکے گا ،پنجاب کے کسان کو اگلی فصل میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم کا ڈیلی کوٹہ 23 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھا دیا گیا ہے تا کہ سستا آٹے ہر ایک کی پہنچ میں ہو۔

 پولٹری کی صنعت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ سویا بین کی قلت کا سدباب کرنے کے لئے بہترین بیج منگوا کر ٹرائل شروع کر دیئے گئے ہیں اور ایک سال میں پاکستان میں سویا بین کی تمام ضروریات پنجاب سے پوری ہو سکیں گی۔انہوں  نے کہا کہ غریب آدمی کو گندم کی سستے دامو ں فراہمی کے لئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈسبسڈی دی جارہی ہے -پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگو ں کوپہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنارہی ہے ، آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے۔

 اجلاس میں فلورملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران محمد شفیق، خلیق احمد، ساجد عبداللہ، واجد عبداللہ، محمد فیاض اور ظہیرنے شرکت کی -سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر،سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری فوڈ، سیکرٹری عملدرآمد وزیر اعلیٰ، ڈائریکٹر فوڈ،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان اور اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔