ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے سالانہ انتخابات میں ڈیموکریٹک گروپ کامیاب

44

جوہرآباد،15 جنوری (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے سالانہ انتخابات ڈیموکریٹک گروپ نے جیت لئے   ہیں ۔ ڈیموکریٹک گروپ کے صدر کے امیدوار ملک طاہر اعوان ایڈووکیٹ نے 300 جبکہ ان کے مدمقابل حیات اتراء گروپ کے صدر امیدوار سید مزمل رضا زیدی ایڈووکیٹ نے 245 حاصل کر کے دوسرے جبکہ ماہل گروپ کے صدر کے امیدوار ریحان فہیم ماہل ایڈووکیٹ 46 ووٹوں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح جنرل سیکرٹری کے عہدہ کیلئے ڈیموکریٹک گروپ کے عمران قادر اعوان 325 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل حیات اتراء گروپ کے ملک ضیاء الحق راجڑ نے 262 ووٹ لے کر شکست کھا گئے ۔ نائب صدر کے عہدہ پر حیات اتراء گروپ کے حاجی زوار حسین کھارا 364 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ڈیموکرٹیک گروپ کے ملک عطا اﷲ پڑھیار 218 ووٹ حاصل کر سکے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدہ پر چوہدری محمد اختر ایڈووکیٹ 319 ووٹ لیکر فتحیاب ہوئے اور ان کے مدمقابل اقبال کلس ایڈووکیٹ 254 ووٹ حاصل کرسکے۔