بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مقصدغربت کی لکیر سے نیچے والے طبقوں کو اوپر اٹھانا ہے ،  ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام

25

فیصل آباد۔16جنوری  (اے پی پی):ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مقدس تنویر چیمہ نے اے پی پی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد پسے ہوئے،غربت کی لکیر سے نیچے والے طبقوں کو اوپر اٹھانا ہے جس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ   2022 میں ہم نے ایک لاکھ 28 ہزار خواتین کو 7000 روپے سہ ماہی کے علاوہ انکے بچوں کو اول تاانٹر میڈیٹ تعلیمی وظائف بھی دیے۔مقدس تنویر چیمہ نے بتایا کہ نہ صرف یہ پروگرام جاری وساری ہیں بلکہ بینظیر نشو نما اور ٹرانسجینڈر کے دیگر پروگرامز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بینظیر نشو نما کے تحت خواتین کو زچگی کے 2 سال تک فوڈ سپلیمنٹس کے ساتھ 2500 روپے بھی د ئیے جائیں گے جبکہ ٹرانسجینڈرقومی شناختی کارڈ کے حامل بھی ان پروگرامز کے تحت اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 50 ہزار خواتین رجسٹرڈ مستحقین ہیں جو کہ  7000 سہ ماہی پیسے وصول کر رہی ہیں جبکہ ان کے ایک لاکھ بچے تعلیمی وظائف بھی وصول کر رہے ہیں۔جس کے تحت ہر سہ ماہی میں پہلی سے پانچویں جماعت تک کے بچے کو 500 روپے اور بچی کو 2000 روپے دیے جائیں گے۔اسی طرح چھٹی سے دسویں جماعت کے بچے کو ہر سہ ماہی 2500 اور بچیوں کو 3000 روپے دیے جائیں گے جبکہ گیارویں اور بارھویں کے بچے کو 3500 روپے اور طالبات کو 4000 روپے دیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی نے بتایا کہ پیسوں کی تقسیم کیلئے بنائے گئے مراکز کے دکاندار حضرات مستحق خواتین سے اضافی پیسے لینے کی شکایات پر ہم نے بھر پور کارروائیا ں کرتے ہوئے 20 سے زائد افراد کیخلاف ایف آئی آرز درج کروائیں اور بہت سے دکانداروں کی معطلی کی اور ریکوریاں کیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 4 سال سے بی آئی ایس پی فیصل آباد کار کر دگی کے حوالے سے پورے ملک میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 2022 کے چوتھے اور آخری سہ ماہی کی ادائیگیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔