جنیوا کانفرنس میں سیلاب زدگان کیلئے امداد ہماری توقعات سے زیادہ ملی،موسمیاتی تبدیلیوں کو سامنے رکھ کر سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے منصوبے بنائیں گے،معاون خصوصی فہد حسین

12

لاہور۔19جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی اینڈ سٹریٹجک کمیونیکیشن فہد حسین  نے کہا ہے کہ جنیوا  کانفرنس میں سیلاب زدگان کیلئے امداد ہماری توقعات سے زیادہ ملی،موسمیاتی تبدیلیوں کو سامنے رکھ کر سیلاب زدہ  علاقوں میں متاثرین کیلئے منصوبے بنائیں گے،شفاف انتخابات ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہیں،عام انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی اور انتخابی اصلاحات پر متفق ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس  میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کوکا کولا پاکستان کے نائب صدر فہد اشرف،ڈائریکٹر پی اے سی کوکا کولا عائشہ سروری،ہیڈ آف ایکسٹرنل افیئرز کوکا کولا ڈاکٹرفیصل ہاشمی،لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے  معاون خصوصی  فہد حسین نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، سیلاب زدگان کی بحالی اور آباد کاری کیلئے حکومت اور عوام نے دل کھول کر مدد کی،اس کار خیر میں  مخیر حضرات اور پرائیویٹ سیکٹر کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔ کوکا کولا کمپنی سیلاب زدہ علاقوں میں بہترین خدمات انجام دے رہی ہے ۔جنیوا کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ اس ڈونرز کانفرنس میں ہمیں 9 بلین ڈالر  سے زیادہ امداد ملی جو ہماری توقعات سے زیادہ ہے،سیلاب سے ہمیں 16 بلین ڈالر کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اندازے سے زیادہ امداد ملنے کی بڑی وجہ ہمارا ہوم ورک تھا،پاکستان نے ہوم ورک بہت اچھا کیا،16  بلین ڈالر  نقصان کی دستاویزات تیار کرنے میں بڑی محنت کی گئی۔تین چار  وزارتوں نے دن رات  کام کیا ،وزیر اعظم  روزانہ ان اداروں کے افسران کے ساتھ  میٹنگز کرتے اور ان اداروں کے لوگ  رات گئے کام کرتے رہتے،ان دستاویزات کو دیکھ کر ڈونرز  نے کہا کہ  پاکستان نے  سیلاب زدگان  کی بحالی اورآباد کاری کیلئے بہت زیادہ  اقدامات  کئے ہیں۔فہد حسین  نے کہا کہ جنیوا  کانفرنس میں وفاق، خیبرپختونخوا،پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے نمائندے ایک میز پر تھے جس سے ہمارے ملک کا مثبت امیج اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح ہم ملک میں اکھٹے ہو جائیں تو یہ ملک کیلئے بہت بہتر ہو گا۔سیلاب زدہ علاقوں میں کام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ڈونرز کانفرنس سے ملنے والی امداد سے متاثرہ علاقوں میں  موسمیاتی تبدیلی کو سامنے رکھ کر منصوبے بنائے جائیں گے اور ایک ایک پائی کا حساب  رکھا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں فہد حسین نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں  لوگوں کی سکلز سے فائدہ اٹھایا  جائیگا تاکہ وہ  اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں،اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بہت ضروری ہے،پرائیویٹ سیکٹر کا آباد کاری کے کاموں میں بڑا اہم کردار ہے ۔ ملک میں جاری سیاسی کشمکش کے حوالے سے  معاون خصوصی نے کہا کہ اس کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں،اس کیلئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر الیکشن ریفارمز کا حصہ بنیں تاکہ الیکشن کے بعد کوئی سیاسی جماعت دھاندلی کا شور نہ مچا سکے۔ایک اورسوال پر انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر متفق ہوں اور اس پر دستخط کریں تاکہ مستقبل میں کوئی اسے تبدیل نہ کر سکے۔