شرح خواندگی میں اضافہ اور غربت کا خاتمہ ہمارا ٹارگٹ ہے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب

30

ملتان۔19جنوری  (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری  جنوبی پنجاب  کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب وطن عزیز کا ایک اہم خطہ ہے اور ایک منفرد تہذیب و ثقافت کا امین ہے۔ انہوں نےکہا ہےکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کامقصدعوام کے مسائل ان کی دہلیزپرحل کرناہے،خطہ میں شرح خواندگی میں اضافہ اورغربت کاخاتمہ ہماراٹارگٹ ہےاورعوام کےمعیارزندگی کوبلند کرنے کے لئےسینکڑوں ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹر یٹ کا دورہ کرنے والے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے زیر تربیت اے ایس پیز سے خطاب  کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  صوبائی کابینہ نے جنوبی پنجاب کے لئے32 فیصد جاب کوٹہ مقرر کردیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کےعلاوہ صوبہ کے دیگر اضلاع کے لئے 68 فیصد اور اوپن میرٹ کے لئے 10 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  چولستان میں مصنوعی بارش برسانے کے لئے سسٹم کی سٹڈی کی جارہی ہے تاکہ قحط سالی جیسے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ دور دراز کے علاقوں میں واقع ٹی ایچ کیوز،بنیادی مراکز صحت اور ہیلتھ سنٹرز کی مانیٹرنگ سے سروس ڈیلیوری میں بہت بہتری آئی ہےموسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے گرین بک کو سلیبس کا حصہ بنادیا گیا ہے جبکہ دو سو سے زائد سکولوں میں میواکی جنگل اگائے جارہے ہیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔اس موقع پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ محمد اقبال، سیکرٹری پی اینڈ ڈی آفتاب پیرزادہ اور ایس ایس پی عمر ریاض بھی  موجود تھے۔