چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے  امریکی سفیر  کی  ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت سمیت تجارتی روابط میں اضافہ پر زور

9

اسلام آباد۔20جنوری  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔  سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔  چیئرمین سینیٹ نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کار پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر بات چیت سمیت تجارتی روابط میں اضافہ پر زور دیا گیا۔  چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان میں سیلابی صورتحال میں یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرین کے لئے امداد کو سراہا۔  انہوں نے کہا کہ یوایس ایڈ کے ساتھ مل کر بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا کام قابل تعریف ہے، مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان، امریکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔  انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر شعبوں میں تعاون ناگزیر ہے۔ چیئرمین سینیٹ  نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، بلوچستان گوادر بندرگاہ کی وجہ سے سرمایہ کاری کےلئے ایک پرکشش مقام بن کر ابھر رہا ہے، گوادر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں امریکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔  انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سیاست اور مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ادارہ جاتی معاونت کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے پیش نظر امریکہ کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے  نمٹنے کے لئے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے، امریکہ، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔