پشاور، 26جنوری(اے پی پی): پراونشل ڈیزاسڑ مینجمنٹ اتھارٹی، خیبرپختونخوا اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے باہمی تعاون سے ریویمپنگ آف پراونشل ایمرجنسی آپریشن سنٹر منصوبے کے تحت ڈیزاسڑ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے.جس کے تحت قدرتی آفات سے رونما ہونے والے نقصانات کو بروقت رپورٹ کرنے اور متاثرین کو فوری طور پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی.
اس سلسلے میں پشاور میں صوبے کی تمام ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا. جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین، ڈائریکٹر ریلیف پی ڈی ایم اے محمد رحمان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ای او سی میڈم ھاجرہ سمیی، آئی ار سی کی کنٹری ڈائریکٹر شبنم بلوچ سمیت آئی ار سی کے اعلی نمائندوں، پی ڈی ایم اے کے افسران اورپی ڈی ایم اے کے ضلعی سطح پر قائم کنڑول رومز کے عملے اور اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نےشرکت کی.
اس ورکشاپ کا مقصد اس نظام کے تحت ضلعی انتظامیہ اور ڈویژنل کنٹرول رومز میں موجود تربیت یافتہ عملہ دوران آفات کسی بھی قسم کے نقصانات کا اندراج کر سکے گا. جسکی بنیاد پر متاثرین کو ابتدائی رپورٹ سے لے کر ریلیف کی فراہمی سے متعلق تمام تر معلومات تک رسائی ممکن ہو سکے گی.
اس کےعلاوہ ڈیٹا منیجمنٹ سسٹم کی بدولت پی ڈی ایم اے کے سیزنل پلانز، پیشگی تیاری، فوری امداد اور بروقت حکومتی سطح پر اقدامات اٹھانے میں کافی حد تک مدد ملے گی.
ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے کہا کہ قدرتی آفات سے رونما ہونے والے نقصانات کی شرح کم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اور بہتر حکمتِ عملی ناگزیر ہے.
پی ڈی ایم اے کی اولین ترجیح ہے کہ قدرتی آفات سے درپیش خطرات کو بہتر حکمت عملی سے کم کیا جا سکتا ہے۔ مذکورہ نظام سے نہ صرف متعلقہ اداروں کے ساتھ راوبط میں آسانی پیدا ہو گی بلکہ بروقت نقصانات کے ازالے میں بھی کافی حد تک مدد ملے گی.
انہوں نے آی آر سی کے تعاون اور کوششوں کو سراہا۔اس سسٹم کی کامیابی کا دارومدار ہم سب کی مشترکہ کوششوں پر منحصر ہے۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیے گئے۔











