خیرپور،28جنوری(اے پی پی ): ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا جس میں 35 چھینی گئی موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان بر آمد کیا گیا ہے۔
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے کہا کہ پولیس کی اہم اور کامیاب کارروائیاں جاری ہیں، کریک ڈاؤن کے دوران موٹرسائیکل ڈکیتی/ چوری کرنے والے پانچ گروہ، دکان و گھریلو ڈکیٹی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث الگ الگ گینگ بسٹ کیے گئے، منشیات فروشی میں ملوث گینگ کا سراغ لگایا گیا، بغیر لائسنس اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران متعدد ملزمان گرفتار جبکہ قتل کے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا۔
قنہصں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 35 موٹر سائیکلیں، گھروں اور دکانوں سے چوری گیا سامان برآمد کرکہ اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔قتل، منشیات فروشی، بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے والے سمیت دیگر جرائم میں ملوث 85 ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجا دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر خیرپور پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے ڈکیتی، چوری، منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا، جس کے نتیجے میں خیرپور پولیس کو اہم کامیابیاں ملی ہیں۔











