عمران خان کی حکومت امریکہ، پی ڈی ایم یا باجوہ نے نہیں خود ان کے اپنے کرتوتوں نے گرائی ہے ؛شیخ آفتاب احمد

56

اٹک،12 فروری (اے پی پی): سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے ڈھوک مسکین حسن ابدال میں سوئی گیس کے لو پریشر میں کمی کے دیرینہ مسئلے کے حل پر اہل علاقہ کی جانب سے منعقدہ اظہارِ تشکر کی تقریب ‏سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بہروپیا پہلے کہتا تھا کہ امریکہ نے میری حکومت کو ختم کیا پھر کہتا تھا پی ڈی ایم نے ختم کی اور اب کہتا ہے کہ باجوہ نے ختم کی لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے اپنےکرتوتوں نے اس کی حکومت کو ختم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں نواز شریف کے علاوہ کسی کا نام بتائیں جس کا اس ملک کی ترقی میں کردار ہو لیکن کتنے دکھ کا مقام ہے اس کے ساتھ آپ نے کیا کیا، پہلے اٹک قلعے میں قید کیا پھر جلاوطن کر دیا، تیسری بار پھر قوم نے وزیر اعظم منتخب کیا تو بیٹے سے تنخواہ نا لینے جیسے مقدمات قائم کئے گئے۔

 اس موقع پر امیدوارصوبائی اسمبلی پی پی 2 سردار افتخار احمد خان، امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی تھری شیخ سلیمان سرور، ڈائریکٹر آئسیکو شیخ ناصر محمود، شیخ اجمل محمود،ضلعی نائب صدر حاجی محمد یعقوب، ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاں راشد مشتاق و معززین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ابھی جب لندن گیا تو میاں نواز شریف سے پوچھا کہ آپ کو نہیں پتہ تھا کہ ملک کے حالات کیا ہیں تو انہوں نے کہا کہ بلکل پتہ تھا لیکن اگر حکومت نا لیتے تو پاکستان ڈوب جاتا اس لئے ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پہ لگا کر ریاست کو ڈوبنے سے بچایا۔ ووٹ کی پرچی ملک کو بنا بھی سکتی ہے اور ملک کے دو ٹکڑے بھی کرا دیتی ہے لہذا ان خالی نعروں کے پیچھے مت چلیں ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی زبانی جمع خرچ کا نام نہیں زندگی عمل کا نام ہے اس وقت میں آپ کا منتخب نمائندہ نہیں ہوں لیکن پھر بھی میں سمجھتا ہوں ہم سے آپ کی جو بھی خدمت ہو سکے ہمیں کرنی چاہیے اور ہم اس میں لگے ہوئے ہیں،سوئی گیس کے ہمارے جو ادھورے منصوبے رہ گئے تھے انہیں مکمل کر رہے ہیں یہ ہمارا فرض ہے جو ہم ہمیشہ ادا کرتے رہے گے۔