نوشہرو فیروز،15 فروری(اے پی پی ):حکومت سندھ کی ہدایات پر اور ہائی کورٹ سکھر بینچ کے احکامات کی روشنی میں ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے امداد حسین صدیقی نے آج دوسرے روز بھی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے سلسلے میں ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر شاہزیب شیخ نے ہر تحصیل میں کمیٹیاں قائم کیں ۔ آبپاشی ،اسکارپ اور روینیو افسران کمیٹی کے ممبر ہوں گے ، کمیٹی ہر مقام پر بارش کے پانی کی نکاسی کی نگرانی کرے گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام علاقوں سے بارش کے پانی کی سو صد فیصد نکاسی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے نوشہرو فیروز کھاہی ممن، بھریا، کنڈیارو ،لاکھا روڈ، محراب پور ، ہالانی اور کوٹری محمد کبیر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور فوری نکاسی کے لئے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز پی ڈی ایم اے ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اسکارپ امجد میمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمار حسین اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختیار کار بھی موجود تھے۔











