ملتان،17فروری (اے پی پی):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب امین اویسی نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محدود افرادی قوت کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی الصبح شہر کا دورہ کرنے کے دوران کیا اور انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کا جائزہ لیا۔منیجر آپریشنز انوارالحق،ڈپٹی منیجر عثمان خورشید اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن فرمائش علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ امین اویسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بڑے شہروں میں خصوصی صفائی مہم شروع کردی گئی ہے اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کو جانچا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں رہائشی اور کمرشل علاقوں میں صفائی پر یکساں توجہ دی جائےاور شہر سے ویسٹ اٹھانے کی استعداد میں اضافہ کیا جائے۔انہوں کلین ملتان مہم کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب نے پی ایس ایل کے موقع پر صفائی کے حوالے سے کمپنی ورکرز کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے جسے کامیاب بنانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے چونگی نمبر 9 پر روڈ واشنگ کا معائنہ بھی کیا۔
منیجر آپریشنز انوار الحق نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر اولیاء میں یکم فروری سے” کلین ملتان” مہم جارہی ہے اور روزانہ چار یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ اور چار شاہراہوں کو پانی سے واش کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کلین ملتان مہم کی کامیابی کے لئے کمیونٹی کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے اور واک، کارنرمیٹنگز، آگاہی کیمپس کے ذریعے عوامی آگاہی مہم جاری ہے اور بتایا کہ پی ایس ایل کے سلسلے میں شہر سے کرکٹ اسٹیڈیم تک صفائی کے مربوط انتظامات کئےگئے ہیں۔











