صحت کے شعبے کے میگا پراجیکٹ  نشتر ٹو کو  مکمل کرنے کے لئے چھ ماہ کی ڈیڈ لائن

25

ملتان،03 فروری(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے صحت کے شعبے کے میگا پراجیکٹ  نشتر ٹو کو  مکمل کرنے کے لئے چھ ماہ کی ڈیڈ لائن دے  دی ہے اور کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت نشتر ٹو پر9ارب 45کروڑ روپے کی خطیررقم خرچ کررہی ہے اور یہ منصوبہ پورے جنوبی پنجاب کو صحت کی سہولیات فراہم کرے گا۔یہ بات انہوں نے نشتر ٹو پراجیکٹ پر ترقیاتی کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب غلام فرید شاہد،ڈپٹی کمشنر ملتان عمر جہانگیر نے  اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئی ڈیپ کے حکام نے اس موقع پر بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ نشتر ٹو کے سیوریج، سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی میں حائل تمام مسائل حل کئے جائیں اور  لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری کا کام جلد شروع کی جائے۔آئی ڈیپ کے حکام نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نشتر ٹو کا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے،بلڈنگ کا گرے سٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے،رنگ و روغن کا کام جاری ہے جبکہ بائیو میڈیکل مشینری درآمد کر لی گئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلڈنگ کی تعمیر پر5ارب73 کروڑ روپے خرچ کردئے گئے ہیں۔نشتر ٹو ہسپتال 500 بستروں پر مشتمل ہوگا جبکہ ہسپتال میں 10 جدید ترین آپریشن تھیٹر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہسپتال کا پراجیکٹ 57 ایکڑ رقبہ پر محیط ہے اور نشتر ٹو پراجیکٹ کی لینڈسکیپنگ اور شجرکاری پر4کروڑ30 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔