خانہ ومردم شماری سے متعلق حکومتی ہدایات پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایاجائے،ڈپٹی کمشنراوکاڑہ

13

اوکاڑہ، 04 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنراوکاڑہ  ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ضلع میں خانہ ومردم شماری کا 98فیصدکام جس خوش اسلوبی سے مکمل ہو اہے وہ لائق تحسین ہے بقیہ 2فیصد خانہ و مردم شماری کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مقررہ دنوں سے پہلے ہی مکمل کر لیا جائے گا ادارہ شماریات اور حکومت کی خانہ ومردم شماری سے متعلق جو ہدایات ہیں ان پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ضلع میں خانہ و مردم شماری کے کام میں مصروف فیلڈ ٹیموں کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے آنے والے دنوں میں مربوط انداز میں خانہ ومردم شماری کا کام طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ویڈیو لنک میٹنگ کے بعد خانہ و مردم شماری کی جاری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین،اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ ،ڈپٹی ڈائریکٹر خورشید جیلانی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد اقبال ،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ خانہ و مردم شماری کے تحصیل انچارج شکیل احمد نے خانہ شماری کے کام کے مکمل کئے جانے اور 98فیصد خانہ شماری کا کام مکمل کئے جانے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن بلاکس میں خانہ شماری میں مشکلات پیش آئی ہیں وہاں پر ادارہ کی ہدائیت کے مطابق ضروری اقدامات کئے جا چکے ہیں اور خانہ شماری کا سو فیصد کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہو جائے گا ۔