نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ،تقریبات کو حتمی شکل دی دے گئی

40

لاہور۔5مارچ  (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب میں پہلی مرتبہ جشن بہاراں سرکاری وسائل کی بجائے مکمل طورپر سپانسرڈ ہوگا اورسرکارکے خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیاجائے گا۔ اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقدہوا اور جشن بہاراں کی تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہو راو رفیصل آباد میں جشن بہاراں کی تقریبات کاآغازکیا جارہاہے۔ بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیاکہ 5سے 12مارچ تک جیلانی پارک میں فوڈ فن میلہ شروع کیا جارہاہے جہاں لاہور کے ٹاپ 20فوڈ برینڈ کے سٹال لگائے جائیں گے۔اس موقع پر لاہور ہاکی سٹیڈیم میں ہر شام نامور گلوکار میوزک شو پیش کریں گے  جبکہ عوام کی تفریح کیلئے راحت فتح علی خان، ساحر بگا ،بلال سعید، آئمہ خان او ردیگر گلوکار اپنے فن کامظاہرہ  بھی کریں گے ۔داتا دربار سمیت دیگر مزارات پر محافل نعت گوئی اورمحافل سماع منعقد ہوں گی۔جیلانی پارک میں پنجابی فوک میوزک شو منعقد کئے جائیں گے ۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیا کہ شہر کی بڑی سڑکوں کو آراستہ کیاجائے گا،کینال میلہ اور سپورٹس میلے بھی ہوں گے ۔گریٹر اقبال پارک میں 7 روز تک لکی ایرانی سرکس کے 3شو ہوں گے۔اسی طرح 12مارچ کو میراتھن ریس مقابلے ہوں گے، ریس آن وہیل اورفن ریس بھی ہوگی۔42کلو میٹر طویل سائیکلوتھان میں پروفیشنل سائیکلسٹ حصہ لیں گے۔نیشنل ہسٹری میوزیم میں قیام پاکستان سے آگاہی کے لئے ڈیجیٹل جرنی شو ہوگا۔والڈ سٹی اتھارٹی کی بریفنگ میں بتایاگیاکہ شاہی قلعہ میں شام کو لائٹ اینڈ میوزک ایکسٹرا وگنزا شو پیش کیاجائے گا۔”روشن گلیاں”،” ویکھ لاہور” ،” رنگیلا رکشہ”،” داستان گوئی” ،”ہیر گائیکی ”اور” ڈرم سرکل شو”ہوں گے ۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ 8مارچ کوعالمی یوم خواتین کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی،خواتین کا مشاعرہ بھی ہوگا ۔کمشنر فیصل آبادنے ویڈیو لنک پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم ،زرعی یونیورسٹی او ردیگر مقامات پر جشن بہاراں کی تقریبات فوڈ سٹال،محفل مشاعرہ ، قوالی نائٹ ،ہینڈی گرافٹ شو، سائیکلنگ مقابلے، آتشبازی او رہیوی بائیک شو ہوں گے ۔اسی طرح جی سی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ہینڈ بال ٹورنامنٹ میں  پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کی خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ابراہیم مراد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی لاہور، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی والڈ سٹی لاہو راتھارٹی، ڈی جی سپورٹس اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک کمشنر فیصل آباد اور ڈی سی فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔