خوشاب؛ ضلع بھر  میں 15روزہ صفائی مہم کا آغاز،آگاہی ریلی نکالی گئی

24

جوہرآباد،07 مارچ( اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر  میں 15روزہ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،صفائی مہم کے اہداف کو سو فیصد حاصل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا کی زیر قیادت زیرو ویسٹ صفائی مہم کی آ گاہی کیلئے سرور شہید لائبریری چوک تا کالج چوک جوہرآباد آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیرو ویسٹ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے شہر کو صاف رکھیں۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے صفائی مہم کے سلسلہ میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے میڈیا بھر پور کردار ادا کر سکتا ہے، عوام میں شعور اور آگاہی میڈیا کے ذریعے ہی پیدا کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صفائی مہم کے سلسلہ میں جامع پروگرام بنایاگیا ہے۔

اے ڈی سی (جی) احمد صہیب،اے ڈی سی (آر) مظہر امین حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر نعمان محمود ،سی او ایم سی حرا جاوید،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز مانگٹ،ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ گلزاریوسف، ریسکیو 1122،ایجوکیشن اور دیگر محکمہ جات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔